اڈپی ،14 / دسمبر (ایس او نیوز) مرڈیشور ساحل پر سمندرغرقابی کی وجہ سے چار طالبات کی موت واقع ہونے کے بعد اڈپی ضلع ساحلوں پر بھی حفاظتی انتظامات سخت کر دئے گئے ہیں ۔ لائف گارڈ اور دیگر حفاظتی عملے کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور سیاحوں کے گہرے سمندر میں اترنے سے باز رہنے کی دی ہے ۔
خیال رہے کہ اس وقت اسکولوں اور کالجوں میں پکنگ اور ایجوکیشنل ٹورز کا موسم چلا ہے ۔ اڈپی ضلع کے میں ایسے کئی ساحل ہیں جو سیاحتی مراکز کے طور پر جانے جاتے ہیں اور یہاں پر بھی بڑے تعداد میں بیرونی اضلاع سے طلبہ سیاحت کے لئے آتے ہیں ۔ طلبہ اور بچوں کے سمندر میں اترنے اور حادثے پیش آنے سے روکنے کے لئے کارروائی کی ہے ۔
اڈپی ضلع محکمہ سیاحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر کمار نے بتایا کہ مرڈیشور کے حادثے کے بعد ہمارے ساحلوں پر سخت نگرانی رکھنے کے احکام ملے ہیں ۔ اس وجہ سے اضافی طور پر ہوم گارڈز کو تعینات کیا گیا ہے ۔ ملپے بیچ، سینٹ میریز آئلینڈ اور سی واک پر ہوم گارڈز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل لائف سائنس سوسائٹی کے ذریعے 20 افراد کو سرکاری خرچ پر لائف گارڈ کی تربیت دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس پر اسی ہفتے عمل شروع ہوگا ۔ تربیت ختم ہونے کے بعد انہیں ٹھیکے کی بنیاد پر لائف گارڈز کی حیثیت سے ساحلوں پر تعینات کیا جائے گا ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کمار کے مطابق ملپے، کاپو، تراسی مرونتے میں واٹر اسپورٹس کی سرگرمیاں چلانے والوں نے لازمی طور پر لائف گارڈز تعینات کر رکھے ہیں ۔ تراسی مرونتے ساحل پر گزشتہ مانسون سے ہی چار تربیت یافتہ لائف گارڈز خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اسی طرح ملپے ، سینٹ میریز آئلینڈ کاپو، پڈوبیدری ساحلوں پر 'سیاحوں کے دوست' کے نام سے ہوم گارڈز کو تعینات کیا گیا ہے ۔ یہ لوگ ساحلوں پر آنے والے سیاحوں کو سمندر کی گہرائی اور ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہیں ۔ ملپے بیچ پر تین 'سیاحوں کے دوست' ہوم گارڈز اور تین تربیت یافتہ لائف گارڈز تعینات ہیں۔
اسی دوران ماہی غوطہ خور ایشور ملپے نے ساحل پر پہنچ کر سیاحت کے لئے آنے والے طلبہ اور اساتذہ کو سمندری لہروں سے کھیلنے کی صورت میں پیش آنے والے خطرات سے آگاہ کیا اور حفاظتی اقدامات کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کے علاوہ حفاظتی نقطہ نگاہ سے گھٹنوں تک پانی میں کھیلنے اور اس سے زیادہ پانی کی طرف آگے نہ بڑھنے کی ہدایت دی ۔